ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھوپال انکائونٹر: حقوق انسانی کمیشن نے مدھیہ پردیش حکومت اور پولیس کو جاری کیانوٹس؛ بی جے پی سرکارکودھچکا

بھوپال انکائونٹر: حقوق انسانی کمیشن نے مدھیہ پردیش حکومت اور پولیس کو جاری کیانوٹس؛ بی جے پی سرکارکودھچکا

Wed, 02 Nov 2016 04:54:50    S.O. News Service

نئی دہلی یکم نومبر(آئی این ایس انڈیا/ ایس او نیوز)جہاں ایک طرف بی جے پی حکومت اورا س کے وزراء تصادم کودرست بتاتے ہوئے سوال اٹھانے والوں پرتنقید کررہے ہیں وہیں دوسری طرف قومی حقوق انسانی کمیشن(این ایچ آر سی) نے سیمی کے آٹھ ارکان کے بھوپال کی ایک جیل سے فرارہونے کے بعد مبینہ تصادم میں مارے جانے کے واقعہ کو لے کر مدھیہ پردیش حکومت، پولیس اور جیل حکام کو نوٹس جاری کئے ہیں۔ کمیشن نے کیس کے سلسلے میں ایک میڈیا رپورٹ پر از خود نوٹس لیا اور کہا کہ اس نے ہمیشہ پولیس اور عدالتی حراست اور پولیس کارروائی میں موت پرتشویش ظاہر کی ہے۔کمیشن نے ریاست کے چیف سکریٹری، پولیس ڈائریکٹر جنرل اورجیل محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل اورانسپکٹرجنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چھ ہفتوں میں ان سے تفصیلی رپورٹ دینے کو کہا ہے۔ کمیشن نے آج ایک بیان میں کہاکہ اس نے ہمیشہ پولیس اورعدالتی حراست اور پولیس کارروائی میں موت پر ہمیشہ ”تشویش“ظاہرکی ہے۔اس نے مخصوص ہدایات بھی جاری کیں جن سے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو آگاہ کرایاگیاہے تاکہ مقابلوں کے سلسلے میں ان پر عمل کیا جائے۔بیان میں واقعہ کی رپورٹ اور اس کے بعد کی گئی کارروائی کا بھی ذکرکیاگیاہے۔اس واقعہ کو لے کر ایک بڑا تنازعہ شروع ہو گیا اور حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اس معاملے پرلفظی جنگ شروع ہوگئی ہے۔کانگریس اوربائیں بازو کی جماعتوں نے شک ظاہر کرتے ہوئے واقعہ کی عدالتی جانچ کرانے کامطالبہ کیا ہے۔


Share: